کہانی سفر میں ہے
| تعداد | رعایت | رعایتی قیمت |
| 3 - 4 | 25% | ₨ 1,350 |
| 5 - 9 | 33% | ₨ 1,206 |
| 10 + | 40% | ₨ 1,080 |
اس مجموعہ کا عنوان کہانی سفر میں ہے بڑا تو جہ خیز اور توجہ طلب ہے۔ خصوصاً اس لیے کہ اس کے انسلاکات اور امکانات کا دامن نہایت وسیع ہے، اور اس لیے بھی کہ یہ مترجم اور فن ترجمہ دونوں ہی کے بنیادی موقف و مقاصد کے اشاریے بھی فراہم کرتا ہے۔ ترجمہ اگر اپنے ہونے کے جواز سے مبرا ہو تو اپنی اثر انگیزی کی دیر پائی اور Target Language میں ثقافتی تخلیقی اور توجیہاتی / باز تعمیری (بشمول جمالیاتی) سطحوں پر اپنی افادیت و استناد قائم نہیں کرسکتا ۔ احسن ایوبی مشاق اور بالیدہ نظر مترجم ہیں۔ مختلف زبانوں میں تخلیق کیے جارہے ادب پر ان کی گہری نظر ہے۔ افسانوی ادب سے ان کی واقفیت اور ان کا موازناتی زاویہ نگاہ ان کے متنی انتخاب اور ان کے تراجم کے لیے تحرک فراہم کرتا ہے اور باز تخلیقی استناد بھی۔ اس مجموعہ کے مشمولات پر نظر پڑتے ہی افسانہ کے تئیں مترجم کی سنجیدہ وابستگی اور مذکورہ بالا اوصاف و محرکات واضح ہونے لگتے ہیں۔ چار سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس کتاب میں صرف پندرہ ہندی کہانیوں کے تراجم ہیں، جو افسانہ کی صنفی توصیف، طوالت یا تحدید پر ایک ان کہا ڈسکورس قائم کرتے ہیں۔ مشہور زمانہ ہندی افسانہ نگار ناصرہ شرما سے لے کر کنال سنگھ تک افسانہ نگاروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ان افسانوں کی بافت و ساخت، کرداروں کی داخلی و بیرونی فضا سازی ، طرز تحریر کی ہم رکابی اور موضوعات کا تنوع تخلیقی تشکر کے لیے کہیں کہیں توسیع کے امکانات بہم پہونچاتے ہیں ۔ افسانہ اختصار کا بڑا سخت متقاضی ہوتا ہے ، اس لیے جزئیات نگاری یہاں شیشہ گری کے مصداق ہوتی ہے۔ کہانی کے اس سفر میں جزئیات کا افسانوی انضمام قابل غور ہے۔
موضوعاتی وسعت اس مجموعہ کا اہم ترین وصف ہے۔ ہجرت، مہجوری ٹینشن کے مختلف ابعاد، حاشیہ رسید طبقات کی نا گفتہ بہ صورت حال، استحصال و ظلم و جبر نسلی منفی تفریق ، اور عصر حاضر اور نیکنالوجی کی کارستانیاں ، لفظ کی شعبدہ بازیاں ، سیاست کی کا سفاکیاں ان کہانیوں کو بیانیاتی تاسیس فراہم کرتے ہیں۔ علائم و استعارے، کہیں طنز و مزاح، کہیں تضحیک تو کہیں خالص حقیقت پسندانہ طرز بیان ان کہانیوں کی قرات کو دلچسپ بناتے ہیں ژولیدہ بیانی کہیں نظر نہیں آتی، نہ ہی کہانی کے بیانیہ میں اور نہ ہی اس کی باز تخلیق اترجمہ میں ۔ احسن ایوبی کی زبان شستہ، سلیس اور رواں ہے ۔ وہ افسانوی نثر کو برتنا خوب جانتے ہیں ۔ اس کامیاب ترجمہ پر میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
مجھے یقین ہے قارئین کرام احسن ایوبی کے کہانی کے اس سفر میں شرکت ضرور فرمائیں گے۔
انتخاب حمید
ISBN: 978-969-648-093-8


تبصرے
ابھی تک کوئی تبصرہ موجود نہیں ہے۔